شیف راحت علی پاکستان کے معروف اور ہر دلعزیز ناموں میں شمار ہوتی تھیں۔ وہ کھانا پکانے کی آسان، منفرد اور گھریلو تراکیب کے باعث عوام میں بے حد مقبول تھیں۔ ان کا خوش اخلاق، مسکراتا اور پُراعتماد انداز لاکھوں ناظرین اور سیکھنے والوں کے لیے ہمیشہ باعثِ کشش رہا۔
خاندانی ذرائع نے شیف راحت علی کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے، جب کہ ان کی وفات کی خبر نے ملک بھر میں ان کے چاہنے والوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
شیف راحت علی کی بیٹی، شیف مائدہ راحت علی، بھی ایک معروف شیف ہیں اور اس وقت امریکا میں مقیم ہیں، جہاں وہ اب بھی شعبۂ خوراک سے وابستہ ہیں۔ شیف راحت علی کی بھانجی نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے اہلِ خانہ اور مداحوں کو آگاہ کیا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے شیف راحت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔جبکہ ایک اور مداح نے کہا کہ میں نے کھانا پکانا انہی سے سیکھا، ان کی وفات کی خبر ناقابلِ یقین اور انتہائی افسوسناک ہے۔
شیف راحت علی کی وفات سے پاکستان کی فوڈ انڈسٹری ایک ایسی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے اپنی منفرد صلاحیت، سادگی اور محبت بھرے انداز سے لاکھوں لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔






