پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو ابتدائی اوورز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور محض چوتھے اوور میں ابتدائی دو وکٹیں گر گئیں۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو معاذ صداقت صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ بابر اعظم کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کھلاڑی سری لنکن فاسٹ بولر دلشان مدھوشناکا کا شکار بنے۔

اس مشکل صورتِ حال میں فخر زمان اور سعد بیگ نے سری لنکن بولرز کے خلاف جارحانہ مگر ذمہ دارانہ انداز اپنایا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 149 رنز کی اہم شراکت داری نے پاکستان کو 14 رنز پر دو وکٹیں گرنے کی مشکل صورتِ حال سے نکال کر میچ میں واپس لے آیا۔

سعد بیگ نے 74 رنز کی اننگز کھیلی اور 27ویں اوور میں مہیش تھیکشانا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان نے بھی اپنی شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 99 گیندوں پر 127 رنز اسکور کیے، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

34ویں اوور میں فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد سلمان علی آغا بھی پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع مل گیا۔

سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد عرفات منہاس اور حسن نواز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ عرفات منہاس نے 61 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 37 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشناکا نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشانا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس نے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پون رتنائیکے نے 77، جبکہ اوشکا فرنانڈو نے 38 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 80 رنز دیے، جبکہ حارث رؤف نے 10 اوورز میں 60 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فائنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا تھا۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے تھے، جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کے سپرد تھی۔

فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔

پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں میچز اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ قومی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔