راولپنڈی میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے، تاہم 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف سری لنکا نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم ٹام بینٹن 51 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر دونیتھ ویلالاگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بین ڈکٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 85 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان ہیری بروک نے جو روٹ کے ساتھ مل کر سری لنکن بولرز پر بھرپور حملہ کیا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 244 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ اس دوران وہ ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بھی بن گئے۔

جو روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک نے ول جیکس کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رنز بنانے کی رفتار بڑھائی۔ اس دوران انگلش کپتان نے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی، انہوں نے یہ کارنامہ 114 گیندوں پر انجام دیا۔ بروک انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

ول جیکس نے بھی اختتامی اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ نے آخری اوورز میں رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور آخری 10 اوورز میں 156 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت انگلینڈ نے پاکستانی سرزمین پر ون ڈے تاریخ کا سب سے بڑا اننگز ٹوٹل بھی بنایا۔ انگلش ٹیم کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز تک پہنچ گیا، جس کے بعد سری لنکا کو میچ میں کامیابی کے لیے 430 رنز کا ہدف ملا۔

سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے 10 اوورز میں 91 رنز دیے، جبکہ دلشان مدوشنکا نے 89 رنز دیے، تاہم دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بھی جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور انگلش بولرز کے خلاف رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ سری لنکن بلے بازوں نے دباؤ میں آنے کے بجائے ہدف کے تعاقب کو آخری اوورز تک جاری رکھا اور میچ میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

سری لنکا نے مقررہ ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا کامیاب ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔ اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔