قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 163 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹام بینٹن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گزشتہ میچ میں سری لنکا ہی کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے انگلش کپتان ہیری بروک ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔ انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 270 رنز تک پہنچایا، تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کو تیسرا نقصان 301 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، جب بین ڈکٹ 167 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 24 چوکے لگائے، تاہم حیران کن طور پر ایک بھی چھکا نہیں لگایا۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے 21 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جارڈن کاکس نے 27 گیندوں پر 43 رنز اسکور کیے، جبکہ سیم کرن 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشان مدھوشنکا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7.72 کے رن ریٹ سے 386 رنز بنائے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انگلینڈ نے پاکستان کا 375 رنز کا ریکارڈ توڑا، جو پاکستان نے 2025 میں زمبابوے کے خلاف بنایا تھا۔

سری لنکا کی اننگز

387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹیم نے صرف 13 رنز پر پہلی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد اوشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 97 رنز تک پہنچایا، تاہم اوشکا فرنینڈو 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 177 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، جب کوشل مینڈس 89 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری جانب پون رتھ نائیکے نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

سری لنکا کا اسکور 186 رنز تک پہنچا تو داسن شناکا صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد 258 رنز کے مجموعی اسکور پر جنیتھ لیاناگے بھی پویلین لوٹ گئے، جنہوں نے 17 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

سری لنکا کو چھٹا نقصان 315 رنز پر اٹھانا پڑا، جب سہان آراچیگے 24 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور مزید 31 رنز کے اضافے پر سری لنکا کی باقی چار وکٹیں بھی گر گئیں۔ دونتھ ویلا لاگے، ایشان ملنگا اور اسیتھا فرنینڈو ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پون رتھ نائیکے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 77 گیندوں پر 118 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم ان کی سنچری بھی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سونی بیکر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کرن، ہینری کروکومب اور جو روٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح سری لنکن ٹیم 45.1 اوورز میں 331 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سہ ملکی ون ڈے سیریز میں اپنی پہلی فتح اپنے نام کرلی۔

ٹاس

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو فائنل سے قبل سیریز کا آخری لیگ میچ تھا۔

سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ انگلینڈ نے جیمی اوورٹن کی جگہ سونی بیکر کو ٹیم میں شامل کیا۔

سری لنکا کی ٹیم میں کوشل مینڈس (کپتان و وکٹ کیپر)، کمندو مینڈس، اویوشکا فرنینڈو، پون رتھنائیکے، سہان آراچیگے، جنیتھ لیاناگے، داسن شناکا، دونتھ ویلا لاگے، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدھوشنکا شامل تھے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں ہیری بروک (کپتان)، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، ول جیکس، سیم کرن، جو روٹ، لیام ڈاسن، گس اٹکنسن، سونی بیکر اور ہینری کروکومب شامل تھے۔

فائنل کے لیے پاکستان اور سری لنکا کوالیفائی

انگلینڈ کے لیے یہ سیریز میں پہلی کامیابی تھی، تاہم میچ کا نتیجہ فائنل میں رسائی پر اثر انداز نہیں ہونا تھا، کیونکہ فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہوچکا تھا۔ پاکستان تین جبکہ سری لنکا دو فتوحات کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، جبکہ انگلینڈ اس میچ سے قبل سیریز میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکا تھا۔

اس سے قبل سری لنکا نے اسی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیے جانے والے بڑے اہداف میں دوسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر بروز ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔