لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شاداب خان نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ہاری ہوئی بازی کو جیت میں بدل دیا۔

پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گر چکی تھیں اور شکست واضح نظر آرہی تھی، تاہم شاداب خان نے ہمت نہ ہاری اور ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

آخری وکٹ پر حارث رؤف نے شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیا اور 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 17 رنز کی پریشر اننگز کھیلی اور چوکا لگایا جو وننگ شارٹ بن گیا۔

فخر زمان، صائم ایوب اور بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز نہ کھیل پائے۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا نے 26، حسن نواز نے 15 اور عرفات منہاس نے ایک رن بنایا۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ پاکستانی بولرز نے درست ثابت کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا اور ٹاپ آرڈر کے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کو ابتدائی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے تیسرے اوور میں جو روٹ کو 5 رنز پر پویلین بھیج دیا، جبکہ 19 کے مجموعی اسکور پر کپتان ہیری بروک ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری، جب جارڈن کاکس 6 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی 4 وکٹیں 52 رنز پر گرنے کے بعد بین ڈکٹ اور سیم کرن نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 93 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ سیم کرن 52 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں 175 رنز پر انگلینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا اور ول جیکس 13 رنز بنا کر رضا اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تو دوسری طرف اوپنر بین ڈکٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی۔

انگلینڈ کا اسکور 187 رنز تک پہنچا تو بین ڈکٹ بھی عرفات منہاس کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ لیام ڈاسن 5 رنز اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہنری کروکومب 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا چوتھا شکار بنے، جبکہ گس ایٹکنسن 28 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 8.4 اوورز میں 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ عرفات منہاس اور رضا اللہ نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

اس طرح انگلینڈ کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 46.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 242 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور اہم بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلا دی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں، جہاں دونوں ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے میچ کھیل رہی تھیں۔

اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ وکٹ کو دیکھ کر ٹیم میں ایک اسپنر شامل کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مثبت چیزوں پر توجہ دیں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔

شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے رضا اللہ اور شاداب خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ رضا اللہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وارم اَپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوئی ہے، جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے۔ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، جوش ٹونگ باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ہنری کروکومب نے اپنا ڈیبیو کیا ہے، جبکہ عادل رشید بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔

پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔