فٹ بال کی دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر ایک بار پھر میڈ ان پاکستان فٹ بالز کی دھوم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ انجینئرنگ کا یہ شاہکار، جسے عالمی جرمن برانڈ ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے، پاکستان کے مینوفیکچرنگ حب سیالکوٹ کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بظاہر چمڑے کے صرف چار پینلز کو تھرمل بانڈنگ کی جدید تکنیک سے جوڑ کر تیار کیا گیا یہ ٹرائی اونڈا بال محض ایک فٹ بال نہیں بلکہ ایک ہائی ٹیک روبوٹک ڈیوائس ہے۔
اس فٹ بال کے اندر ایک انتہائی جدید سینسر اور مائیکرو چِپ نصب کی گئی ہے جو براہِ راست آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم سے منسلک ہے۔ یہ سینسر کھیل کے دوران ہر ایک سیکنڈ میں 500 بار گیند کی پوزیشن اور اس کی نقل و حرکت کا ڈیٹا ریکارڈ کرتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ میچ کے دوران مائیکرو سیکنڈز میں ہونے والی کِک یا ہینڈ بال کی معمولی سی موومنٹ بھی فوری طور پر ویڈیو اسسٹنٹ ریفری تک پہنچ جاتی ہے، جس کے باعث اب میچوں میں انسانی غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
اگر پینلز سے فٹ بال تک اور ٹرائی اونڈا تک کے سفر اور فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کے ارتقا پر نظر دوڑائی جائے تو یہ سفر بے حد دلچسپ نظر آتا ہے۔
یوراگوئے اور ارجنٹینا کے درمیان پہلے ورلڈ کپ کا فائنل میچ گیند کے انتخاب کے تنازع کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں اپنے اپنے چمڑے کے بال سے کھیلنا چاہتی تھیں۔ حل یہ نکالا گیا کہ پہلے ہاف میں ارجنٹینا اور دوسرے ہاف میں یوراگوئے کا گیند استعمال ہوا، جسے بعد میں یوراگوئے کی فتح کی ایک اہم فنی اور تکنیکی وجہ بھی مانا گیا۔
اس کے بعد بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی اسکرینز کے دور میں پہلی بار فٹ بال پر سیاہ اور سفید کلاسک پینل ڈیزائن متعارف کرایا گیا تاکہ ٹی وی پر گیند واضح طور پر دکھائی دے سکے۔
پھر 1986 میں ہاتھ سے سلائی کی روایتی صنعت فیکٹری مینوفیکچرنگ میں تبدیل ہوئی اور میدانوں میں واٹر پروف بالز کا آغاز ہوا۔
ہر دور کا فٹ بال اپنے وقت کی کہانی بیان کرتا ہے۔ جہاں 2010 کے جابولانی بال کے 11 رنگ جنوبی افریقہ کی 11 سرکاری زبانوں کو ظاہر کرتے تھے، وہیں آج سیالکوٹ کے بنے ٹرائی اوندا کے تین رنگ اس ورلڈ کپ کے تینوں میزبان ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی جغرافیائی شراکت داری کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اس بار ٹیکنالوجی کا دخل صرف فٹ بال تک محدود نہیں ہے۔ تماشائیوں اور ریفری کی سہولت کے لیے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام 1,248 کھلاڑیوں کے باقاعدہ ڈیجیٹل اوتار اور تھری ڈی ماڈلز تیار کیے گئے ہیں۔ کسی بھی متنازع فیصلے کی صورت میں یہ سسٹم سیکنڈز کے اندر لائیو براڈکاسٹ اینیمیشنز تیار کر کے پبلک اور ریفری کو کھلاڑیوں کی اصل پوزیشن دکھا دیتا ہے۔
مزید برآں، تمام ٹیموں کو فیلڈ اسٹریٹیجی تیار کرنے کے لیے ایک اے آئی اسسٹنٹ فراہم کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیڈیمز کی فول پروف سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے "اسپاٹ" نامی جدید روبوٹک کتوں اور اسمارٹ کیمروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
برسوں پرانے چمڑے کے روایتی بال سے لے کر سیالکوٹ کے بنے اس ہائی ٹیک روبوٹک فٹ بال تک، کھیل کا نقشہ پوری طرح بدل چکا ہے۔ اب فٹ بال کا مقابلہ صرف کھلاڑیوں کی جسمانی مہارت اور فٹنس تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ پوری طرح ٹیکنالوجی، لائیو ڈیٹا اور کمپیوٹر الگورتھمز کا کھیل بن چکا ہے۔






