تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا آنے والی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ ایئرپورٹس پر سخت سیکیورٹی رویے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
سینیگال اور ازبکستان کی ٹیموں کے ساتھ ایئرپورٹس پر ہونے والی جانچ پڑتال کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شائقین کی جانب سے امریکی حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ازبکستان کی ٹیم کی نیدرلینڈز کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے آمد کے موقع پر سراغ رساں کتوں اور جدید سیکیورٹی آلات کے ذریعے تلاشی لی گئی۔
اسی طرح سینیگال کی قومی فٹبال ٹیم کی سخت سیکیورٹی جانچ پڑتال کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
😳🐕REGISTRO SUPER ESTRICTO HASTA CON PERROS
— ESPN Centroamérica (@ESPN_CENAM) June 8, 2026
Así fue el protocolo de seguridad con la Selección de Uzbekistán previo al amistoso contra Países Bajos en Estados Unidos.🇺🇿 pic.twitter.com/D1SzMEYZcP
وائرل ویڈیو میں سینیگال کے کھلاڑیوں کو ٹیم جرسیوں میں ہوائی اڈے کے رن وے پر اپنے سامان کے قریب کھڑا دیکھا جا سکتا ہے، جہاں سیکیورٹی اہلکار ان کی تلاشی لیتے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو کے ایک حصے میں ایک کھلاڑی اپنے بازو پھیلائے کھڑا ہے جبکہ ایک اہلکار سیکیورٹی آلے کے ذریعے اس کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی کھلاڑیوں کے ٹرمینل میں داخل ہونے سے قبل کی گئی۔
تاہم اس حوالے سے سینیگال فٹبال فیڈریشن، فیفا یا امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے بعد متعدد صارفین نے کھلاڑیوں کے ساتھ کیے گئے سلوک کو تذلیل آمیز قرار دیا ہے۔
اس سے قبل عراقی وفد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات نے بھی اس بحث کو مزید تقویت دی تھی۔
Le contrôle des Américains, j’en parlerai dans mon prochain livre. Ils ne laissent absolument rien passer, même Pathé avec ses chaussures en plastique 😂😂😂🤦🏽♀️🤦🏽♀️ pic.twitter.com/0NBGp8sIGr
— Miss Coumba♥️ (@miss_sycoumba56) June 7, 2026
عراقی ٹیم کے اسٹار اسٹرائیکر ایمن حسین کو شکاگو ایئرپورٹ پر تقریباً سات گھنٹے تک روکے رکھا گیا، جبکہ اس دوران ان کا موبائل فون بھی چیک کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب عراقی ٹیم کے سرکاری فوٹوگرافر طلال صلاح کو دس گھنٹے سے زائد وقت تک روکنے کے بعد امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے واپس بھیج دیا گیا۔






