ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد تمام متعلقہ فیلڈ افسران اور عملے کو متحرک کردیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کی ٹیمیں اور ہیوی مشینری مختلف مقامات پر تعینات کردی گئی ہے۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور فیلڈ افسران کو اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عملہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی اور شہریوں کو درپیش ممکنہ مشکلات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی سمیت اہم برساتی نالوں کی نگرانی جاری ہے تاکہ بارش میں اضافے کی صورت میں فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔ ہیوی مشینری اور نکاسی آب کا عملہ حساس اور نشیبی علاقوں میں موجود رہے گا۔
بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں موجود ہیں اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔ شہریوں سے بھی احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں کا رخ نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، جبکہ بارش کی شدت اور نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔







