میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف اپیل کا فیصلہ جس روز سامنے آئے گا، اس کے بعد اس معاملے سے متعلق مختلف سازشی نظریات اور ابہام بھی ختم ہوجائیں گے، عمران خان سے وکلا کی ملاقات کو کسی آئینی ترمیم یا سیاسی مفاہمت کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان اعتماد کا تعلق برقرار ہے اور ان کے بقول نہ تو اداروں سے دوری ہوئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ہونے کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ان کے اعتماد کی بنیادی وجہ ہیں۔

واضح رہے کہ 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کرائی گئی تھی۔ جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں عمران خان کے مقدمات، مختلف درخواستوں اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور وکلا نے ان کے مقدمات سمیت دیگر قانونی امور پر بھی عمران خان سے مشاورت کی۔ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کرائی گئی تھی۔

ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان سے تقریباً تین سے چار گھنٹے تک ملاقات ہوئی، جس میں ان کی صحت اور زیر سماعت مقدمات پر بات چیت کی گئی۔ وکلا نے بانی پی ٹی آئی کو قانونی معاملات سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا اور مختلف مقدمات پر مشاورت بھی کی۔

وکلا کی اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں، جن میں اسے ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم اور سیاسی معاملات سے جوڑا جا رہا تھا۔ تاہم رانا ثنا اللہ نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملاقات کو آئینی ترمیم سے منسلک کرنے کی بات درست نہیں۔